Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'کورونا وائرس "ہوا کے اخراج" سے بھی ممکنہ طور پر پھیل سکتا ہے'

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2020 07:23am

نیویارک: سائنس دانوں کی جانب سے اب تک کورونا وائرس پھیلنے کے کئی طریقے بتائے جاچکے ہیں اور اب ڈاکٹروں نے اس کے پھیلاﺅ کا اب تک کا سب سے انوکھا ممکنہ طریقہ بتا دیا ہے۔

 ڈیلی اسٹار کے مطابق سی بی بی سی سیریز "آپریشن آؤچ" کے میزبان ڈاکٹر زینڈر وین ٹولکین سمیت کئی معروف ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس ممکنہ طور پر لوگوں کے جسم سے خارج ہونے والی ہوا کے ذریعے بھی پھیل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی ریسرچز میں سائنسدان بتا چکے ہیں کہ 55 فیصد مریضوں کے پاخانے میں بھی کورونا وائرس پایا گیا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس جسم سے خارج ہونے والی ہوا کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔

کیرل کروسزیلنکی نامی ایک آسٹریلوی ڈاکٹر نے اس حوالے سے ایک اور دلیل دی کہ ایک تحقیق میں قبل ازیں یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ جسم سے خارج ہونے والی ہوا ٹیلکم پاﺅڈر کو طویل فاصلے تک پھیلا سکتی ہے۔ چنانچہ اس کے ذریعے وائرس بھی اتنے ہی فاصلے تک پھیل سکتا ہے اور سانس کے ذریعے دوسرے لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔

ان ڈاکٹروں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں ایسی پینٹس پہننی چاہئیں جو ان کے جسم سے خارج ہونے والی ہوا کو پھیلنے سے روک سکیں۔